راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ اور پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور سپہ سالار سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اور مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں روابط کے مختلف منصوبوں بالخصوص تاپی منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے افغان صورتحال، علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری طرف پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر نے بھی جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امور اور افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
آرمی چیف نے شمالی علاقہ جات میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کینیڈین ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، پاکستان کینیڈا کے ساتھ طویل مدتی اور ملٹی ڈومین پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔