اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کا سیشن صرف کشمیر پر بات کیلئے رکھا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کی جانب سے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کرتا ہوں، 7 دہائیوں سے بھارت کشمیریوں پر ظلم کرتا آ رہا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی طرح ہمارے کارکنان کشمیریوں کی آواز بنیں گے، بھارتی حکومت کشمیر میں سے کرفیو ختم کرے اور کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کرے، بھارتی حکومت کو کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کی تبدیلی کو روکنا ہوگا۔