پارلیمنٹ میں اپوزیشن متحد، پیپلزپارٹی سے بات چیت چلتی رہتی ہے: شاہد خاقان

Published On 06 February,2022 08:16 pm

حیدر آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن متحد ہے، پیپلزپارٹی سے بات چیت چلتی رہتی ہے، مہنگائی کے باعث پی ٹی آئی رہنماؤں کا اپنے حلقوں میں جانا مشکل ہوگیا، 3 سال میں سی پیک کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔

حیدر آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکثر یہ سوال ہوتا ہے ن لیگ نے سندھ کے لیے کیا کام کیے ، این ایف سی ایوارڈ کے تحت جو پیسے وفاق کے پاس آتے تھے اٹھارویں ترمیم کے بعد بڑا حصہ صوبوں کے پاس آتا ہے، ن لیگ نے صوبوں کے حصوں کو دگنا کیا، ہمارے دور میں سندھ کو جو رقم دی گئی وہ تاریخی تھی ۔

شاہد خاقان نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک میں امن و امان قائم کیا، ملک میں افرا تفری تھی، اس کو ٹھیک کیا، گیس کا بحران عام ہوگیا ہے، گیس کا شعبہ بھی صوبوں کو دینا چاہئے، سیاست اپنی جگہ پر حق کی باتیں ضرور کروں گا۔

انہوں نے کہا موٹروے صوبوں کو جوڑنے والامنصوبہ تھا، سی پیک منصوبے کیوں شروع نہیں ہوئے یہ جواب حکومت ہی دے گی ، موٹروے کا سکھر سے حیدرآباد التوا کاشکار ہے، بڑے شہروں کو ماس ٹرانزٹ منصوبے کی ضرورت ہوتی ہے، گرین لائن بس منصوبہ 3 سال قبل مکمل ہوچکا تھا۔