اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر بتا دیں انہیں عمران خان نے نکالا ہے یا استعفیٰ دیا ؟ ساڑھے 3 سال بعد پتہ چلا بچہ نالائق تھا، اسے نکال دیا، شہزاد اکبر اپنی ساڑھے 3 سال کی کارکردگی سے آگاہ کریں۔
سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کہتا ہے وزیراعظم نے شہزاد اکبر کو چارج شیٹ کر دیا، شہزاد اکبر بڑا کہا کرتے تھے ثبوتوں کے بکسے بھرے ہیں، کبھی لندن جا رہے ہیں، کبھی آ رہے ہیں، ایک فوج ہے جس کا کام صرف پریس کانفرنسز کرنا ہے، کونسی وزارت ہے جس میں سیکڑوں اربوں کا اسکینڈل نہیں ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اتوار کے روز جلوہ فروز ہوئے اور کہا میں سڑکوں پر نکل آیا تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عوام تو پہلے ہی گھبرائے ہوئے تھے، اب وزیراعظم کی دھمکیوں سے اور گھبرا گئے، جوسرکس لگی ہوئی ہے، ملک مزید اسے برداشت نہیں کرسکتا، ملک کے سارے چور کابینہ کی میز پر بیٹھے ہیں، آج کرپشن کے انڈیکس میں پاکستان 140 ویں نمبر پر آگیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہے، جس میں سفارشات پیش کی جائیں گی، 23 مارچ کو لانگ مارچ ہوگا۔