اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کا ہر کام بدنیتی پر مشتمل ہے، حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں، سکینڈل پر سکینڈل کے باوجود چیئرمین نیب خاموش ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت نئے چیئرمین نیب کے لئے مشاورت کا عمل مکمل کرنا ہی نہیں چاہتی، موجودہ چیئرمین نیب ڈیلی ویجز پر ہیں۔ حکومت خود بیساکھیوں پر ہے جس دن ہاتھ اٹھا لیا گیا حکومت ایک دن بھی نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشیراور وزرا ایک کام بتائیں جو عوام کیلئے کیا ہو، ایسی حکومت جس کو عوام کا خیال نہ ہو، اُسے اقتدار میں رہنے کا حق نہیں ہوتا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کی سربراہی کرنیوالے خاندانوں نے ملک کی تباہی نکال دی، اب کارما دیکھ رہے ہیں۔ نون لیگ میں اب نئی قیادت سامنے آ جائے گی جو اچھی بات ہے۔ پیپلز پارٹی کو بھی زرداری سے آگے نکلنا چاہئے۔