اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اگر آصف زرداری، نوازشریف بیرون ملک ساری پراپرٹی بیچیں، ایک، ایک پیسہ اور پورے ٹبر کو واپس لائیں تو عمران خان این آراو دینے کو تیار ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے سینیٹ میں اظہارخیال کے دوران کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان کون ہوتا ہے این آراو دینے والا، حکومت ہی این آراو دیتی ہے، انہوں نے الیکشن میں جانے سے پہلے این آر او لیا، قوم کوگمراہ کرنے والوں کوعوام سمجھ چکی ہے، ملکی ایشوز پر ہم سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، دعوے سے کہتا ہوں اگر آج عمران خان این آراو دے دیں تو پورا ٹبر واپس آجائے گا، عمران خان آصف زرداری، نوازشریف کو این آر او دینے کو تیارہیں، ان کوپتا ہے یہ دو، دوبار این آراو لے چکے ہیں۔
اپوزیشن نے فیصل جاوید کی تقریرکے دوران کورم کی نشاندہی کردی جس پر انہوں نے کہا اب یہ میری بات کونہیں سنیں گے اور انہوں نے کورم کی نشاندہی کردی ہے، مجھے پھربولنے کا موقع نہیں دیا جارہا، میں جب بھی بولتا ہوں تب یہ شور شروع کر دیتے ہیں، ہم تواپوزیشن کی تقریروں کو چپ کر کے سنتے ہیں، دنیا میں کہیں ایسی اپوزیشن نہیں ہوتی۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹیوں میں کچھ اورعوام میں جاکر کچھ اوربات کرتے ہیں، وزیراعظم چین گئے اورانہوں نے پیچھے کھابے پروگرام شروع کر دیئے، جب یہ اکٹھے ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی کو فائدہ ہوتا ہے، انہوں نے زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنا تھا۔