اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری ان ہاؤس تبدیلی کیلئے پرامید، ان ہاؤس تبدیلی کے بارے میں اُنہوں نے کہا کہ انشااللہ بہتر ہوگا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن ہی کہا تھا ان سے حکومت نہیں چلے گی، وقت نے ثابت کر دیا یہ نااہل لوگ ہیں، عوام تنگ ہیں اور حکمرانوں سے کچھ نہیں ہو رہا۔ آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے پی ڈی ایم کا حصہ بننے یا نہ بننے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیویارک پراپرٹیز کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کی درخواست خارج کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ عدالت آصف زرداری کی مستقل ضمانت منظور کرے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے، درخواست مسترد کی جائے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آصف زرداری کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرلی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب نیو یارک اپارٹمنٹس کیس میں آصف زرداری کو گرفتار نہیں کرسکے گا، گرفتاری کیلئے نیب کو احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔