اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ چین تاریخی اور گزشتہ دوروں سے مختلف تھا، چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، وزیراعظم کے دورہ چین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی سی پیک خالد منصور نے بریفنگ دی۔ دورہ چین میں ہونے والے معاہدوں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو پزیرائی مل رہی ہے، یہ دورہ چین تاریخی اور گزشتہ دوروں سے مختلف تھا، چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں جن کا پاکستان کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ چین سیاسی اور جغرافیائی امور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، چین پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے، چین نے مسئلہ کشمیر اور افغانستان کے معاملہ پرپاکستان کے موقف کی تائید کی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹ ٹولہ ذاتی مفادات کی سیاست میں لگا ہے، دنیا نے اسلامو فوبیا کے معاملہ پر پاکستان کے موقف کی تائید کی۔
وزیراعظم کا بلدیاتی انتخابات کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بلدیاتی انتخابات کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عمران خان نے عوامی جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے طریقہ کار پر بھی مشاورت کی۔
عمران خان نے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی مقبول جماعت ہے، پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو منظم کیا جائے، بلدیاتی انتخابات میں میرٹ پر ٹکٹیں تقسیم کی جائیں گی، عوام کے پاس پی ٹی آئی کے سوا کوئی بہتر آپشن نہیں۔