پی ٹی آئی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 11 February,2022 09:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز مخدوم طارق محمود الحسن اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے نئے وائس چیئرمین ڈاکٹر شاہد محمود نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے مخدوم طارق محمودالحسن اور ڈاکٹر شاہد محمود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مخدوم طارق محمودالحسن کی خدمات کو سراہا اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے انہیں گائیڈ لائنز دیں۔

عثمان بزدار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، سابق حکمرانوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف نعروں سے بہلایا، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کر کے اپوزیشن نے دوغلے پن کا مظاہرہ کیا، ہماری حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائی ہے۔
 

Advertisement