بلدیاتی الیکشن میں اچھے اور قابل اعتماد لوگوں کو سامنے لائیں گے: عثمان بزدار

Published On 11 February,2022 03:12 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں اچھے اور قابل اعتماد لوگوں کو سامنے لائیں گے، لوکل گورنمنٹ کے امیدواروں کا فیصلہ بورڈ کرے گا۔

وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت راولپنڈی میں اجلاس ہوا۔ اس موقع پر عثمان بزار نے کہا کہ پنجاب میں اتنے کام کئے ہیں کہ بتانے کیلئے بہت سا وقت درکار ہوگا، پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا، پنجاب نے 54 فیصد ترقیاتی فنڈ استعمال کر کے باقی صوبوں کی نسبت ریکارڈ قائم کیا، اب پیچھے نہیں رہیں گے، اگلے سال پھر ریکارڈ ترقیاتی بجٹ دیں گے، ہر ڈویژن میں جا کر عوامی نمائندوں سے ملاقات کا سلسلہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔


عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے عوامی نمائندوں نے ہمیشہ غیر مشروط حمایت سے نوازا، ہر ڈسٹرکٹ کا ایک ایک میگا پراجیکٹ یاد ہے، خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں، پنجاب میں 23 نئے ہسپتال، 158 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی گئی، جہاں وسائل کی کمی ہوگی اسے پورا کریں گے، 12 نئی یونیورسٹیوں کا چارٹر فائنل ہو چکا ہے، جلد منظوری کیلئے پیش کریں گے، 5 نئے ڈیم بنا رہے ہیں جن کی گنجائش ماضی میں بنے ہوئے 58 ڈیموں سے بھی زیادہ ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جلال پور ایریگیشن پراجیکٹ مکمل ہونے سے علاقے میں زرعی انقلاب آئے گا، مری میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، سیف سٹی پراجیکٹ بھی دیں گے، ہر طبقہ فکر کا احساس ہے، مزدور کارڈ اور کسان کارڈ بھی دیں گے، صوبے بھر میں ایک لاکھ 30 ہزار ملازمتوں کی فراہمی کا پہلا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔