65 فیصد لاہوریوں کو کورونا ویکسین کی ڈبل ڈوز لگ گئی

Published On 12 February,2022 10:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) 65 فیصد لاہوریوں کو کورونا ویکسین کی ڈبل ڈوز لگ گئی۔ باقی ماندہ آبادی کو ویکسین لگانے کے لیے 'ریچ دی ڈور مہم' بھی جاری ہے۔

کورونا کی پانچویں لہر کا زور بدستور جاری ہے تو اِس سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے اعدادوشمار کے مطابق 65 فیصد شہریوں کو ویکسین کی ڈبل ڈوز لگا دی گئی ہے۔ اکثریتی آبادی کو ویکسین لگانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے بے نیازی کا رحجان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ اگرچہ وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے بھی ہیں۔

شہریوں کی بڑی تعداد اب ماسک کے بغیر نظرآتی ہے جبکہ سماجی فاصلے کی تو بالکل پرواہ نہیں کی جا رہی۔ طبی ماہرین کے مطابق ویکسین لگوانے کے بعد شہری شاید یہ سمجھنے لگے ہیں کہ وہ کورونا سےمحفوظ ہوچکے ہیں۔ حالات کا اندازہ اِس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ لاہور میں اب بھی مثبت کیسز کی شرح 7 سے 10 فیصد کے درمیان سامنے آ رہی ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح پانچ اعشاریہ تین چھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 731 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 80 ہزار 592 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 94 ہزار 238، سندھ میں 5 لاکھ 56 ہزار 772، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 8 ہزار 817، بلوچستان میں 35 ہزار 17، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 116، اسلام آباد میں ایک لاکھ 32 ہزار 892 جبکہ آزاد کشمیر میں 41 ہزار 740 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 56 لاکھ 96 ہزار 17 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56 ہزار 260 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 13 لاکھ 70 ہزار 693 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 640 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 44 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 731 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 335، سندھ میں 7 ہزار 971، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 103، اسلام آباد میں 996، بلوچستان میں 371، گلگت بلتستان میں 189 اور آزاد کشمیر میں 766 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

 

Advertisement