لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن اس وقت ہاتھ میں پیسے لے کر ونڈو شاپنگ کے لئے نکلی ہے کہ شاید کہیں سے بکاؤ مال مل جائے، اپوزیشن کو احتجاج کا حق ہے مگر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور لاہور کے نجی ہسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے قومی صحت کارڈ کے حوالے سے سہولتوں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں حسان خاور نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی ڈرامے بازیوں سے آگاہ ہیں، اپوزیشن حکومتی اتحادیوں اور دیگر لوگوں سے رابطے کر رہی ہے کہ شاید کہیں سے کوئی بکاؤ مال مل جائے، اپوزیشن کے یہ سٹیج ڈرامے کامیاب نہیں ہوں گے۔
حسان خاورنے مزید کہا کہ پنجاب میں ہم لوگوں کو پی ایس ایل دکھا رہے ہیں جبکہ مارچ میں مارچ اوراحتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن اس کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 20 لاکھ افراد قومی صحت کارڈز سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، ایک لاکھ سے زائد افراد ڈائیلسز کرواچکے ہیں، 22 فروری کے بعد گوجرانوالہ، سرگودھا اور ملتان میں بھی صحت کارڈ کا اجرا کر دیا جائے گا۔