اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ الیکشن کمیشن دوسرے مرحلے کے شیڈول کا فیصلہ 4 بجے سنائے گا۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے کیس کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے موقف اپنایا کہ باقی صوبوں میں صرف باتیں ہو رہیں، خیبرپختونخوا میں الیکشن بھی ہوچکا، ایک ماہ تاخیر کی وجہ بھی رمضان المبارک ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کیا رمضان میں الیکشن نہیں ہو سکتا ؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ رمضان میں انتخابات کرانے پر اعتراض نہیں، ہمیشہ روزہ داروں کی سہولت کیلئے رمضان میں انتخابات نہیں کراتے، الیکشن کمیشن چاہے تو محکمہ موسمیات کو بلا کر معلومات لے لے۔
ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، شیڈیول میں تبدیلی سے انتخابی عمل متاثر ہوگا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو تمام امور کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے، ڈی جی لاء کے دلائل سپریم کورٹ حکم کی خلاف ورزی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔