اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینئر تجزیہ کار محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
محسن بیگ کی اہلیہ نے اسسلام آباد ہائیکورٹ سے دہشتگردی کا مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کر دی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پولیس نے تھانہ مارگلہ میں جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔
خیال رہے ایڈیشنل سیشن عدالت نے محسن بیگ کے گھر چھاپے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ جج ظفر اقبال نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ ایف آئی اے کی ایف آئی آر 9 بجے درج ہوئی، ایف آئی آر سے واضح ہے کہ محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ غیر قانونی تھا، ان لوگوں نے محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مارا جن کے پاس چھاپے کا اختیار ہی نہیں۔
عدالت کا کہنا تھا ایف آئی اے نے بغیر کسی ثبوت کے چھاپہ مارا، کسی محلے دار کا بیان بھی ریکارڈ نہیں کیا گیا، بغیر کسی سرچ وارنٹ کے چھاپہ مارا گیا، ایف آئی آر سے ثابت ہوتا ہے چھاپہ غیر قانونی مارا گیا، پولیس محسن بیگ کا بیان رکارڈ کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کرے۔
واضح رہے گزشتہ روز ایف آئی اے نے صحافی محسن بیگ کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔