وجیہہ سواتی قتل کیس، عدالت نے ملزمہ زاہدہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی

Published On 16 February,2022 03:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی قتل کیس کے مرکزی ملزم رضوان حبیب کی ملازمہ ملزمہ زاہدہ کی درخواست ضمانت خارج کردی۔

ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی نے وجیہہ سواتی قتل کیس میں دائر درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ ملزمہ زاہدہ پر مقتولہ وجیہہ سواتی کے قتل کے بعد جائے وقوعہ دھونے کا الزام ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ قتل کے وقت اگر ملزمہ قاتل کو روک نہیں سکی تو پولیس کو اطلاع ضرور دیتی جس پر ملزمہ زاہدہ کی درخواست ضمانت کو خارج کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ملزمہ زاہدہ کی درخواست ضمانت سیشن کورٹ سے بھی خارج ہوچکی ہے۔