لاہور: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام پر پٹرول بم گرایا گیا، ان کا گھر جانا ہی اب عوام اور ملک کے مفاد میں ہے۔
نائب صدر پیپلزپارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں 12 اور ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے کے ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہیں، کل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام پر پیٹرول بم گرایا گیا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرنے سے پہلے کیا ظالم حکمرانوں کو عوام پر رحم نہیں آیا ؟ ایک ہی وقت پیٹرول کی قیمت میں 8 فیصد زائد اضافہ عوام دشمن حکومت ہی کر سکتی ہے، 3 سال میں انہوں نے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 65 روپے کا اضافہ کیا ہے، جب تک یہ مسلط رہے گے ہر 15 دن بعد قیمتوں میں اضافہ ہوگا، اس نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کے لانگ میں ہر شہری کا شامل ہونا اب لازم ہو گیا ہے۔