اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنی نااہلی کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
فیصل واوڈا کی جانب سے ایڈووکیٹ وسیم سجاد نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، الیکشن کمیشن کورٹ آف لا نہیں، الیکشن کمیشن کا یہ تاثر غلط ہے کہ آرٹیکل 63 ون سی کے اطلاق پر آرٹیکل 62 ون ایف کا ہوگا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ڈکلریشن کے لیے ٹرائل کا ہونا ضروری ہے، سعدیہ عباسی کو سپریم کورٹ نے دوہری شہریت پر نا اہل کیا لیکن آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق نہیں کیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن نااہلی کا فیصلہ دینے کا مجاز نہیں تھا، 9 فروری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔