پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ شرمناک، عمران خان کو پائی پائی کا حساب دینا ہو گا: مریم نواز

Published On 17 February,2022 01:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب صدر نون لیگ مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی شرمناک اقدام ہے، مہنگائی ، لاقانونیت اور دہشتگردی پھر واپس آ رہی ہے، عمران خان کوایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا، لندن بھاگنےکی اجازت نہیں دیں گے۔

 ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جج نے نیب سے بار بار ثبوت مانگے، اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتا تو عدالت میں پیش کیا جاتا، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے 4 ہفتے کی مہلت مانگ لی۔ جب آپ کے پاس ثبوت نہیں ہوں گے تو مہلت ہی مانگیں گے۔ آج نیب نے تیسرا پراسیکیوٹر تبدیل کیا ہے۔ اس کیس کو اتنا مت لٹکائیں، انصاف ہونے دیں۔ ہر پیشی پر آتی ہوں، نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ محسن بیگ جب تک آپ کے ساتھ تھے تو بہت اچھے تھے۔ محسن بیگ نےکہا تھا انہوں نے سیاسی معاملات کیلئے آپ کو ایک ارب کا فنڈ اکٹھا کر کے دیا، ہم پر بے جا تنقید ہوئی ہم نے تو کسی کو ایف آئی اے کے ذریعے نہیں اٹھوایا۔ دوسروں پر تنقید کرتے ہیں تو خود بھی حوصلہ رکھیں، ورنہ سیاست چھوڑ دیں۔ اب تو عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے، ان کو وزیراعظم ہاؤس کے کسی کمرے میں بند کر دینا چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 12 روپے کا اضافہ شرم کا مقام ہے، عوام کو سرکاری پٹرول کی سہولت میسر نہیں، دنیا کا پہلا وزیراعظم ہے جو بنی گالہ سے وزیراعظم آفس ہیلی کاپٹر پر آتا ہے۔ عمران خان نے سرکاری خرچ پر انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ان کے جرائم کی فہرست طویل ہے، ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا، آپ کو لندن نہیں بھاگنے دیں گے۔ 

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نئے نیب پراسیکیوٹرنے تیاری کے لیے مزید وقت مانگ لیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے چار ہفتوں کی مہلت دے دی، آئندہ سماعت اکیس مارچ کو ہو گی۔