راولپنڈی:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور حنیف عباسی سمیت پانچ لیگی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
سول جج ملک مبشر حسین کی عدالت نے مسلم لیگ ن کی احتجاجی ریلی میں کار سرکار کی مداخلت پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر 5 لیگی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر، حنیف عباسی سمیت لیگی رہنماؤں پرتھانہ نیو ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے، مقدمےمیں دیگر شریک ملزمان کو عدالت نے بری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو نیب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو مریم نواز کی جھوٹی ٹرسٹ ڈیڈ پر گواہی کے الزام میں 1 سال کی قید کی سزا سنائی تھی جس پر نیب حکام نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا جس کے بعدکیپٹن (ر) صفدر نے اپنے آبائی علاقے کے بجائے راولپنڈی سے گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔