اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق بل گیٹس نے قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کو سراہتے ہیں، حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی دنیا انسانی بحران کے شکار 40 ملین افغانوں کی مدد کرنی چاہیے، کے پی کے جنوبی اضلاع پولیو کے خلاف جنگ میں متحرک رہیں، پاکستان کےانسداد کورونا اقدامات حیران کن ہیں۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بل گیٹس نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عزم متاثر کن ہیں، ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ، وفاقی وزراء کی شرکت
وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔ بل گیٹس نے وزیراعظم کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔
بل گیٹس نے اپنے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں انہیں این سی او سی کے کردار، طریقہ کار اور کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔ بل گیٹس کو کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات اور موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
مائیکروسافٹ کے بانی نے این سی او سی کی حکمت عملی کیساتھ اسمارٹ اور میکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کو سراہا۔ وفد نے پاکستان میں کوروناویکسین لگانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور صحت کے شعبے میں حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ مائیکروسافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ویکسینیشن مہم کے حوالے سے اپنے تاثرات بھی بیان کیے۔
وفاقی وزیر اسدعمر نے بل گیٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا حکومت کو کامیابیاں قومی ردعمل اور این سی او سی کی منظم مہم کے باعث ملیں۔