اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان عراق جانے والے زائرین کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کریگا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے عراق کے سفیر حامد عباس لفطا نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاک عراق دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں بالخصوص زائرین کے لئے سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ویزا سہولیات اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کے لئے دونوں ملکوں کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔
عراقی سفیر حامد عباس لفطا کا کہنا تھا کہ پاکستان اورعراق کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اورعراق کے درمیان تعلقات تاریخی، اسلامی بھائی چارے، باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔
اس موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان عراق سمیت پوری دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کاروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان خود دہشت گردی سے متاثر ملک ہے، 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ پاکستان عراق جانے والے زائرین کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کریگا۔ دونوں ممالک کی درمیان سکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر تعاون بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔