بغداد:(دنیا نیوز) عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ سکیورٹی پر مامور چھ اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تین مسلح ڈرونز کے ذریعہ عراقی وزیراعظم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، سکیورٹی فورسز نے دو ڈرونز مار گرائے تاہم ایک ڈرون وزیر اعظم ہاؤس پر حملے میں کامیاب ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں ڈرونز کو دریائے دجلہ پر واقعہ جمہوریہ پُل سے اڑایا گیا تھا۔
حملے کے بعد وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے قوم سے خطاب میں کہا کہ بزدلانہ راکٹ اور ڈرون حملے ہمیں پیچھے نہیں ہٹا سکتے ۔
انہوں نے قومی سلامتی کی میٹنگ بھی طلب کرلی جبکہ اقوام متحدہ ، پاکستان،ایران سعودی عرب اور امریکا سمیت عالمی برادری نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے دہشت گردانہ اقدام قرار دیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے عراقی وزیر اعظم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔