اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ فیک نیوز اور گالم گلوچ تحریک انصاف کی طرف سے آتی ہیں، حکومت پر تنقید ریاست پر تنقید نہیں ہوتی۔
پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر وسینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں، صحافتی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز آرڈیننس کو مسترد کیا ہے لیکن عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں آرڈیننس پر تنقید کو بلا جواز قرار دیا گیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اگر آرڈیننس فیک نیوز کو روکنے کے لئے ہے تو اس میں فیک نیوز کی تشریح کیوں نہیں کی گئی ؟ اس حکومت کا کاروبار آرڈیننس پر ہی چل رہا ہے، ساڈھے تین سال میں 70 سے زائد آرڈیننس جاری کئے گئے ہیں، اگر آپ کی نیت ٹھیک تھی تو ترامیم پارلیمان میں کیوں پیش نہیں کی گئی، پارلیمان کے اجلاس کیوں ملتوی کئے گئے، تحریک انصاف خود کو ریاست سمجھنا بند کرے، ہم اس قانون کو چیلنج کریں گے۔