اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فیک نیوز پر آرڈیننس حق کی آواز دبانے کا ایک اور ذریعہ ہے، عوام گھبرا گئے ہیں، اب عمران خان کے گھبرانے کے دن ہیں، عدم اعتماد کے بعد ناکام سیٹ اپ کا حصہ بننے کے بجائے عوام کے پاس جانا چاہیے۔
سابق وزیراعظم و لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں کرسی نہ چھوڑنے کی عادت ہے، چیئرمین نیب آخری وقت تک نوکری نہیں چھوڑیں گے، انسان کو نوکری ختم ہوتے ہی گھر جانا چاہیے اسی میں عزت ہوتی ہے، حکومتی وزراء صرف الزام تراشی کرتے ہیں، چیئرمین نیب اور شہزاد اکبر اپنے اثاثے ظاہر کریں، پٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ صدر کا عہدہ ریاست کا عہدہ ہوتا ہے، صدر آج ریاست کے روزانہ کی اجرت پر ملازم کی حیثیت سے کام کرتے ہیں، حکومت نے پارلیمان کو تباہ کیا، اب یہ عوام اور میڈیا کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے، سرکاری ملازمین حکومت کے ملازم ہیں انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا۔