اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمان میں ایک ہیں، عدم اعتماد بتایا نہیں جاتا لایا جاتا ہے، جب نمبر پورے ہوں گے تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے، فوری اور شفاف انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری نے آخری سچ کب بولا تھا ؟ پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم خود چھوڑی، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم میں شامل ہونا چاہتی ہے تو اعتماد بحال کرے، پارلیمان سے باہر پیپلزپارٹی نے اپنے راستے خود جدا کیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نام نہاد احتساب کے نظام کا آج چوتھا سال ہے، نیب کا کام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو چلانا ہے تو اسی پر لگا دیں، نیب سیاستدانوں کو بدنام کیوں کرتا ہے ؟ آج پانچواں ماہ ہے، چیئرمین نیب روزانہ کی اجرت پر کام کر رہے ہیں، کیسز کی حقیقت عوام کے سامنے رکھیں گے، ن لیگ کی حکومت کے منصوبوں میں کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، آج کون سا محکمہ ہے جہاں کرپشن نہیں، ایک لمبی فہرست ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ غیر قانونی مشیر احتساب اپنے اثاثے عوام کے سامنے لائیں، اداروں کے افسران قانون کے دائرے میں رہیں، اداروں کے افسران کو جو استثنیٰ حاصل ہے وہ ایک آرڈیننس کی مار ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کرتا ہے، حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سیلاب تلے تباہ کر دیا، یہی رفتار رہی تو حکومت کرپشن میں دنیا کی نمبر ون حکومت ہوگی، نیب نے کوئی ریکوری نہیں کی، کسی کو نہیں پکڑا۔