اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے سندھ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زرداری مافیا سے نجات کیلئے گھروں سے باہر نکلیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف واحد وفاقی جماعت ہے، وزیراعظم عمران خان کا چاروں صوبوں میں ووٹ بینک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام علاقائی جماعتوں کو مسترد کر کے وفاق کا ساتھ دیں۔
ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی غیور عوام 14 سال سے مسلط کرپٹ حکمرانوں سے نجات، اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آنیوالی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے، پاکستان تحریک انصاف کی "سندھ حقوق مارچ ریلی"میں شرکت کر کے تبدیلی کی اس تاریخی جدوجہد میں شامل ہوں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقوق سندھ مارچ صوبے کے عوام کو جگانے کیلئے ہے، زرداری مافیا سندھ کیلئے علی بابا چالیس چور کی طرح ہے، نوسر بازوں کا ٹولہ کراچی سے اسلام آباد کیلئے نکل رہا ہے، سندھ میں ہماری بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں، بلاول زرداری کو جواب دینا ہوگا، سندھ میں اسکولوں کی حالت ابتر، اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں، سندھ میں جنگل کا قانون ہے، سندھ کے عوام کو ان سے نجات دلائیں گے۔