کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف حکومت کیخلاف بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ جاری ہے، کارکنوں کی بڑی تعداد مارچ میں شریک ہے۔
یپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا جو 10 دنوں میں 34 شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ اس موقع پر سیکڑوں کارکنان درجنوں گاڑیوں میں شہر اور ملک کے دیگر حصوں سے مزار قائد پہنچے۔ کارکنان نے پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے جب کہ وہ وقفے وقفے سے پارٹی کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگاتے رہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے رہائش گاہ سے روانگی سے قبل بلاول کو امام ضامن باندھا، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول کے ہمراہ ہیں۔
لانگ مارچ کی روانگی سے قبل خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام اور شہید بینظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کیلئے نکلے ہیں، ہرپاکستانی کےحقوق کا تحفظ کریں گے۔ عمران خان نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا مگر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان حکومت کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ چکی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے۔ موجودہ حکومت اٹھارویں ترمیم کوختم کررہی ہے، این ایف سی ایوارڈ نہیں دے رہی۔ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، سندھ حکومت کم وسائل کیساتھ زیادہ محنت کر کے صوبے کی خدمت کر رہی ہے، عمران کو بھگائیں گے تو تمام صوبوں کو ان کا حق ملے گا، اب وقت آ گیا کہ ہم وفاقی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لیکر آئیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان نےانسانی حقوق پرحملہ کرچکے،اب ہم برداشت نہیں کرسکتے، ہم یہاں سے نکلیں گے تو بنی گالا سے چیخیں آئیں گی، اسلام آباد پہنچ کر اس حکومت پر حملہ کریں گے۔
ٹھٹھہ میں شرکا سے خطاب
ٹھٹھہ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہم اسلام آباد پہنچیں گے لیکن کسی کو غیرقانونی حملے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم ٹی وی پرآکر کہتا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے مگر اب وزیراعظم کے گھبرانے کا وقت شروع ہوگیا ہے۔
بلاول نے کہا کہ اس کٹھ پتلی سے بھی ہرایک ظلم اورزیادتی کاحساب لیں گے، جن کے پاس چھت اور روزگار تھا نااہل حکمرانوں نے وہ بھی چھین لیا، عوام سے پوچھتاہوں کہ تین سال گزرگئے کیا مہنگائی ختم ہوگئی ہے، کٹھ پتلی کہتاہے کہ عوام کو بتاوکہ مہنگائی نہیں ہوئی ہے۔