ٹنڈو محمد خان: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے سلیکٹڈ کو بھگانا اور پاکستان کو بچانا ہے، پیپلزپارٹی نے ہر دور کے آمر کا ڈٹ کا مقابلہ کیا، عوام کو حقوق دلوانے کیلئے نکلے ہیں، جیالوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹنڈو محمد خان میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں گھبرانا نہیں، مہنگائی، بیروزگاری، غربت بڑھ گئی، تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تو وزیراعظم نے گھبرانا شروع کر دیا، انہوں نے وزرا سندھ بھیج دئیے، سیاسی یتیم پوچھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے کیا کیا، عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو بھگائیں گے۔
ادھر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پورے ملک کے عوام کی آواز ہے، بلاول بھٹو مہنگائی، بے روزگاری اور کرپٹ حکومت کیخلاف نکلے ہیں، وفاق مسلسل صوبوں کی حق تلفی کر رہا ہے، سلیکٹڈ حکومت سے جان چھڑانا پورے ملک کی آواز ہے، لانگ مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہیں، بلاول بھٹو اس بے حس حکومت کو نیند سے جگائیں گے، لانگ مارچ کے شرکا 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت بدزبانی چھوڑ کر عوام کا سوچے، پی ٹی آئی رہنما پکنک پر سندھ میں نکلے ہیں، تحریک انصاف کے مارچ میں خالی کرسیاں ہیں، حکومت کو آئینی طریقے سے گھر بھیجیں گے، وزیراعظم قوم سے خطاب میں یہی کہیں گے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔