لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد نئے انتخابات کی تجویز پیش کردی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق وفد کے ہمراہ چودھری برادران کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں پر مسلم لیگ ق کے ایم این اے سالک حسین اور شافع حسین نے استقبال کیا۔
سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، امیر العظیم اور قیصر شریف بھی شریک رہے، رہنماؤں نے عدم اعتماد کی تحریک اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ جماعت اسلامی نے ملک میں نئے انتخابات کی تجویز دیدی۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مہنگائی پر قابو کے لیے تمام جماعتیں ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک جامع پلان بنائیں، تمام سیاسی رہنماؤں کو کہتا ہوں سیاست تو ہوتی رہتی ہے غریبوں کا خیال کریں، مہنگائی حد سے بڑھ گئی ہے عوام کو مزید نہ آزمایا جائے۔
ملاقات میں لیاقت بلوچ نے بتایا کہ عدم اعتماد کے حوالے سے ابھی رابطے ہورہے ہیں، جب کوئی ٹھوس چیز سامنے آئے گی تو ہم کچھ بتانے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہورہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کے خلاف مارچ کررہی ہے اور صوبائی حکومت وفاق کے خلاف لانگ مارچ کر رہی ہے، دیکھتے ہیں کون کامیاب ہوتا ہے۔