'اپوزیشن نے ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کر رکھا ہے، پارٹیاں بدلنا کوئی سیاست نہیں'

Published On 07 March,2022 12:37 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) شفقت محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ نہیں فراڈ مارچ ہے، چھوٹے شریف کے ملازموں کے اکاؤنٹ سے اربوں نکل رہے ہیں، اپوزیشن نے ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کر رکھا ہے، پارٹیاں بدلنا کوئی سیاست نہیں۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو چھوڑنے والے کی سیاست ختم ہو جائے گی، وزیراعظم نے کل میلسی میں کامیاب جلسہ کیا، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد شوق سے لائے، ان کو مکمل طور پر ناکامی ہوگی، ایک شخص ملک سے بھاگا ہوا ہے، عوام ان کو کبھی معاف نہیں کریں گے، ان کو آئندہ الیکشن میں شکست ہوگی، ملک سے بھاگنے والا اپنی جائیدادوں کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکا۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ لوٹ مار کے پیسے سے ہارس ٹریڈنگ ہو رہی ہے، زرداری ٹولے کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں گوجرانوالہ کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا گیا، گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کیلئے 25 ارب مختص کیے جائیں گے، پی ٹی آئی حکومت نے پہلی بار یکساں تعلیمی نصاب متعارف کرایا، ملک بھر کے اسکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کیا، گوجرانوالہ میں چلڈرن اسپتال بنایا جائے گا۔
 

Advertisement