ملکی حالات تکلیف دہ، آئندہ چند روز میں تحریک عدم اعتماد جمع ہو جائے گی: اکرم درانی

Published On 07 March,2022 01:36 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراکرم خان درانی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات تکلیف دہ ہیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے،آئندہ چند روز میں عدم اعتماد کی تحریک جمع ہو جائے گی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کا اسمبلی چیمبر میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ احتیاط کے لیے زیادہ نمبر جمع کیے ہیں۔ عمران کا کام ختم ہو گیا ہے، اب اس کے پاس کام کا وقت نہیں ہے۔ اس دفعہ ہم ایک ووٹ پر نہیں آئیں گے ،پہلے بھی رکاوٹ سامنے نہ آتی تو جیت جاتے، اب ہمیں اطمینان ہے، اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہونی چاہیئے،تمام جماعتیں اب یہی کہہ رہی ہیں کہ مولانا فضل الرحمن نے عمران کے حوالے سے جو کہا تھا ٹھیک تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ساری قوم کی خواہش پوری ہوگی اور عنقریب عدم اعتماد ہو جائے گی ،صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ،چار سالوں میں وزیراعلیٰ صرف چار دن ہی اسمبلی میں آئے،صوبے میں صرف شہاب علی شاہ حکومت چلا رہا ہے۔ اکرم خان نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب بھی اشاروں پر کام کر رہی ہیں۔ نیب کو بھی بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت کے ٓاخری دن ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کوچہ رسالدار دھماکہ المناک تھا،ان حالات کو باریک بینی سے دیکھنا ہوگا،بلوچستان کے حالات بھی تشویشناک ہیں،اسلام اباد میں ایڈمنسٹریشن نام کی چیزنہیں۔