عدم اعتماد پر اسد قیصر سے گزارش ہے اسمبلی کا اجلاس جلد بلائیں: فواد چودھری

Published On 09 March,2022 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر معاملے کو طول دینے کی بجائے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے گزارش ہے قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلائیں۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کواس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، ہمارے پاس اس وقت 184ممبران کی تعداد موجود ہے، اپوزیشن ہمت اورجرات کا مظاہرہ کرکے پہلے میڈیا میں ہی شو کر دیں، ہم اور میڈیا بھی ان کے ممبران کی تعداد کو دیکھ لیں گے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کل ہمارے رکن قومی اسمبلی نے بتایا مجھے 10 کروڑ تک آفر کی گئی، بیوپاریوں کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں، اپوزیشن سے الیکٹرول ریفارمز پربات کرنے کی پوری کوشش کی، اب ان سے الیکشن اصلاحات پر کوئی بات نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن پی ٹی آئی، ن لیگ کے درمیان ہونا ہے، سندھ کا این ایف سی کا پیسہ ننھے منے مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے لگایا گیا، سپیکرصاحب سے گزارش کررہے ہیں عدم اعتماد کو لمبا کرنے کے بجائے جلد اجلاس بلایا جائے۔ نواز شریف، زرداری کا ایک ہی ماڈل پیسے لگاؤ اور اقتدار میں آ کر لوٹو، یہ ماڈل سابق وزیراعظم اور سابق صدر نے سیاست میں متعارف کرایا۔

فواد چودھری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پہلے بے نظیرسے ڈیزل کے پرمٹ لیے، بیرونی طاقتوں سے مولانا نے ڈائریکٹ پیسے لینا شروع کیے تھے، ندیم افضل چن کو کہا پیپلزپارٹی میں جانے سے بہتر راہول گاندھی کی کانگرس پارٹی جوائن کر لو، کوئی آدمی پیپلزپارٹی کا ٹکٹ لینے کوتیارنہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیگی صدر کہتے ہیں وزیراعظم عمران خان نے یورپی یونین کو برا کہا، کیا یورپی یونین شہبازشریف کی ’’پھوپھی‘‘ لگتی ہیں، شہبازشریف کو خارجہ پالیسی کا پتا ہی نہیں، وکی لیکس کے مطابق یہ تو امریکیوں کوکہتے تھے ڈرون حملے کرتے جاؤ، یہ بے شرم لوگ ہیں۔

حماد اظہر 

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے وقار کا کبھی سودا نہیں کرسکتے، ان شااللہ عمران خان مزید مضبوط ہوکر اس سازش سے باہر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور میں اسحاق ڈار عجیب و غریب انداز میں معیشت لیکر چل رہےتھے، ن لیگ نے معیشت کادیوالیہ کیا ہم نے اسے ٹھیک کیا،حماد دنیا میں آج پاکستان کا مقام معاشی ،خارجہ ،سیاسی طورپر پہچاناجارہاہے، عمران خان ایسے لیڈر ہیں جن کی وجہ سے پاکستان کی آواز اب پوری دنیا میں سنی جاتی ہے،اب آزادخارجہ پالیسی کی بات ہورہی ہے پاکستان کا سرفخر سے بلند ہورہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوروناکے باوجود ہماری معیشت ساڑھے 5فیصد پر سالانہ معاشی ترقی کررہی ہے، اپوزیشن کو ہضم نہیں ہورہا مشکلات کے باوجود معیشت ساڑھے5فیصد پر ہے، انکوہضم نہیں ہورہاحکومت نے 5روپے بجلی ،پیٹرول اور ڈیزل 10روپے سستاکیا،اپوزیشن نے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص خراب کرنے کی کوشش کی، ہم اپوزیشن کی آخری ہچکی اور آخری شوق بھی پورا کراکر حیران کردینگے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نے صرف سیاسی نہیں بلکہ معیشت پر بھی حملہ کیا ہے، اس وقت دنیا بھر میں سیاسی اور معاشی بحران ہے، پٹرول کی قیمت 130ڈالر فی بیرل پر چلی گئی ہیں،ہم طوفان کےاندر بھی اپنی کشتی کو صحیح سمت میں آگے لیکر جارہےہیں۔

Advertisement