لاہور: (دنیا نیوز) ترین گروپ کے اجلاس میں شرکت کرنے والے صوبائی وزیر آصف نکئی نے وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا۔ آصف نکئی نے آج وزیراعظم سے ملاقات کرنے کی تصدیق کر دی۔
صوبائی وزیر آصف نکئی کا کہنا تھا کہ ترین گروپ کے بائیکاٹ کا فیصلہ مسترد کرتا ہوں، سو فیصد عمران خان کے ساتھ ہوں، میں ترین گروپ کے اجلاس میں ان کو سمجھانے کے لئے گیا تھا، میں نے ان کو سمجھایا کہ وزیراعظم سے بیٹھ کر بات کریں، ترین گروپ کے ارکان نے مجھ سے اتفاق کیا لیکن اب ملاقات کا بائیکاٹ کر دیا۔
خیال رہے آصف نکئی نے تین روز قبل ترین گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک اور صوبائی وزیر میاں خالد بھی ترین گروپ چھوڑ کر وزیراعلی سے ملاقات کرچکے ہیں۔