تحریک عدم اعتماد، ق لیگ سے معاملات طے، فواد چودھری کا دعویٰ مسترد

Published On 11 March,2022 10:49 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر پاکستان مسلم لیگ (ق) سے معاملات طے ہونے کے بارے میں وفاقی وزیر فواد چودھری کے دعوے کو مسترد کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ فواد چودھری نے چودھری برادران سے ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک لانے سے پہلے تمام اتحادی یہ اعلان کردیں گے کہ ہمیں عمران خان پر مکمل اعتماد ہے، ق لیگ کے تحفظات دور کردیئے ہیں اور مسلم لیگ ق ، پی ٹی آئی اتحادی جماعتیں ایک سیاسی سوچ رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ق نے رکن اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ معاملات طے ہونے کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں، ملاقات میں صرف پیکا آرڈیننس پر بات ہوئی، اگر مسلم لیگ ق نے فواد چودھری سے سیاسی معاملات پر بات چیت کرنی ہے تو ہمیں سیاست چھوڑ دینی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ق سے سیاسی معاملات پر وزیر اعظم اور وفاقی کمیٹی کے ارکان ہی بات کر سکتے ہیں۔
 

Advertisement