عدم اعتماد سے پہلے لفظی لڑائی، ق لیگ پر تنقید، مونس الٰہی ، شیخ رشید آمنے سامنے

Published On 12 March,2022 04:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کی طرف سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما، وفاقی وزیر مونس الٰہی اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید آمنے سامنے آ گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مونس الٰہی نے شیخ رشید کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے آپ اپنی زمانہ طالب علمی میں پیسے لیا کرتے تھے۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کی طرح نہیں کہ 5 سیٹوں پر صوبے کی وزارت اعلیٰ کے لیے بلیک میل کریں۔

 کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ پنجاب کی سیاست کی بات کررہے ہیں، عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ارکان کی خرید و فروخت شروع کردی گئی ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ ممبر کا اتنا ریٹ لگے گا، یہ کتنے ہی پیسے لگائیں عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔

اپوزیشن کو صلح کی پیشکش کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے، مل بیٹھ کر مذاکرات سے کوئی حل نکالنا چاہیے، الیکشن میں ایک سال رہ گیا ہے، یہ نہ ہو آپ 10 سال لائن میں لگے رہیں۔

خیال رہے کہ وزیر داخلہ کی طرف سے پانچ سیٹوں کا بیان پاکستان مسلم لیگ ق کی طرف اشارہ تھا، ق لیگ کے پنجاب میں 10 اراکین اسمبلی ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں پانچ ایم این ایز ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور پرویز الٰہی کے درمیان کل اہم ملاقات ہو گی: اسد قیصر

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلائیں گے، عدم اعتماد کی تحریک میں عالمی قوتیں ملوث ہیں۔وزیراعظم اور پرویز الٰہی کی کل اہم ملاقات ہو گی۔

صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کے عوامی مفاد سب سے پہلے ہیں، عمران خان پہلی مرتبہ آزاد خارجہ پالیسی لائے ہیں۔ پاکستان ایک آزآد و خودمختار ملک ہے۔ سب دنیا کے ساتھ برابری کے ساتھ تعلقات ہونگے۔ ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں لینگے۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے، عدم اعتماد کی تحریک میں عالمی قوتیں ملوث ہیں، لیکن پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے و اتحادی عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس جلد طلب کرینگے۔

مسلم لیگ ق کا عدم اعتماد سے متعلق کل حتمی فیصلے کا امکان

وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے کل کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کی اہم مشاورتی بیٹھک آج ہوئی جس میں مسلم لیگ (ق) کے اپوزیشن اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشاورت کل بھی جاری رہے گی۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کسی بھی کشمکش کا شکار نہیں کل کے اجلاس میں حتمی فیصلے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو حکومت تاحال مطمئن نہیں کر پائی ہے جبکہ مسلم لیگ ق اور حکومت میں گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ تمام معاملات پر اتفاق ہو گیا ہے، تاہم وفاقی وزیر طاہر بشیر چیمہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ فواد چودھری کا دعویٰ مسترد کرتے ہیں، ان کے ساتھ ملاقات کے دوران عدم اعتماد نہیں صرف پیکا آرڈیننس پر بات چیت ہوئی تھی۔

دوسری طرف ق لیگ کے مطابق سیاست میں ضد یا انا نہیں بلکہ پارلیمانی و جمہوری رویے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، مسلم لیگ ق کی پنجاب سمیت ملکی سیاست میں ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے۔