حکومت کیخلاف مزید لوگ جلد سامنے آئیں گے: بلاول بھٹو زرداری

Published On 17 March,2022 04:24 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف مزید لوگ جلد سامنے آئیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد میں حصہ لینے پر ایم این ایز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم ان کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی، حکومت ہمیں اشتعال نہ دلائے۔

اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے ہم اسلام آباد میں کوئی انارکی نہیں چاہتے، کچھ دوست ابھی عمران خان کے الزامات کا جواب دیں گے۔ حکومت کیخلاف مزید لوگ جلد سامنے آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تمام کارڈ ابھی ظاہر نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم ایم این ایز کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ حکومت کیخلاف ارکان اسمبلی اپنے تمام ذرائع استعمال کریں گے۔ ارکان اسمبلی کی زندگی اور خاندان خطرے میں ہیں

حکومت سندھ ہاؤس پر حملے کی تیاری کر رہی ہے، پیپلز پارٹی کا الزام

یپلزپارٹی نے حکومت پر سندھ ہاؤس پر حملے کی تیاری کا الزام لگا دیا، پیپلزپارٹی ارکان اسمبلی نے کہا کسی رکن کونقصان پہنچا تو ذمہ دارحکومت ہو گی۔

اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں ارکان پارلیمنٹ کی خریدو فروخت اور ہارس ٹریڈنگ کی بازگشت جاری ہے، سندھ ہاؤس میں رہائش پذیر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے سندھ پولیس کی سکیورٹی مانگ لی ہے۔ عبدالقادر پٹیل، آغا رفیع اللہ، مہرین بھٹو اور دیگر ارکان اسمبلی نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ ہاوس پر حملے کی تیاری کر رہی ہے، سندھ ہاؤس کی تنصیبات یا کسی رُکن کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی ۔

Advertisement