آخری وقت تک مقابلہ کریں گے: اسد عمر

Published On 17 March,2022 07:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ آخر وقت تک مقابلہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ عمران خان کو قوم نے وزیراعظم بنایا تھا اور پی ٹی آئی آخری وقت تک مقابلہ کرے گی۔ پچھلے چند دنوں سے واقعات ہورہے تھے دیکھ رہے تھے لیکن آج پھر دیکھا کہ کس طرح عمران خان سچے ثابت ہوئے۔ وزیراعظم نے کل بتایا تھا کس طرح سندھ ہاؤس میں پہلے نوٹ پہنچے ہیں اور ان نوٹوں کی جھنکار میں لوٹے پہنچے ہیں تو وہ آج نظر آگیا۔

اسد عمرنے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ عمران خان کا نظریہ اور سیاست کیا ہے، عمران خان اپنی ذات کے لیے سیاست نہیں کرتے ہیں۔ وہ اپنی قوم کے لیے سیاست کر رہے ہیں اور اس میں ان کا ذاتی کوئی مفاد شامل نہیں ہے، اسی لیے وہ کبھی کسی کو نہ بلیک میل کرتے ہیں اور نہ وہ کبھی بلیک میل ہونے کو تیار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ کبھی پیسے کی سیاست کی ہے اور وہ بھی حرام کے پیسوں سے اور لوگوں کو خریدنے کے لیے بولیاں لگائی جائیں، پاکستان کی زیادہ تر آبادی پیدا بھی نہیں ہوئی تھی جب چھانگا مانگا ہوا تھا۔ یہ سیاست عمران خان نے کبھی کی ہے اور نہ آئندہ کریں گے، وزیراعظم کو جو بھی کرنا ہے وہ چونکہ ایک عوامی لیڈر ہیں، قوم کے پیداوار ہیں اور ان کو قوم نے وزیراعظم بنایا ہے، کسی اصول اور نظریے پر ووٹ ڈال کر ان کو لے آئے ہیں۔ کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے لیکن جو ہمارا حق ہے اس کو استعمال کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج لگانے سے متعلق شیخ رشید نے ذاتی حیثیت میں وزیراعظم کو مشور دیا ہے۔ سندھ ہاؤس میں غیر آئینی کام ہوا ہے، ابھی تک وہاں پر جوابی کارروائی نہیں کی۔

حماد اظہر 

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی سے سودے بازی نہیں کریں گے جو لوگ اسلام آباد میں سندھ ہاؤس میں پہنچے ہیں وہ لوگوں کی ضمیر کی آواز نہیں ہے بلکہ وہ پیسہ چاہتے ہیں۔ قوم کے سامنے واضح لکیر ہے، جو گندگی تھی وہ کھل کر سامنے آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرحلے سے عمران خان مزید مضبوط ہوں گے اور عوام 27 مارچ کے جلسے کی بھرپور تیاری کرلیں، یہ پاکستان کی تاریخ بدلنے والا جلسہ ہوگا۔

فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ لوٹے خود ہی سامنے آگئے ہیں، ہم حکومت بچانے کے لیے کسی قسم کی بلیک میلنگ اور سودے بازی کو مسترد کرتے ہیں۔ شیخ رشید نے اتحادی اور وزیر داخلہ کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان کو سندھ میں گورنر راج لگانے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ یہ سندھ حکومت کا اقدام بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یقیناً شیخ رشید کی تجویز پر غور کرے گی۔ سندھ میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں، لیکن جہازوں میں بھر کر پیسے اسلام آباد لائے گئے ہیں، وہاں ارکان کو رکھنے اور ان کی نگرانی کے لیے سندھ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ سندھ ہاؤس میں ایسے خریدوفروخت ہورہی ہے جیسے گھوڑوں اور خچروں کی، آج کا چھانگا مانگا سندھ ہاؤس ہے، ایک خاتون ایم این اے کو 7 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔ 


وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح کی منڈی سندھ ہاؤس میں لگائی گئی ہے اور جس طرح ارکان کے ضمیر خریدنے کی کوششیں کی جاری ہیں، یہ بہت بد قسمتی ہے، یہ عمل غیر آئینی و غیر قانونی ہے۔  ہم سودے بازی نہیں کریں گے اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔