اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایکشن کے ڈر سے لوٹے ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پچھلے پانچ لوگوں کو 15 سے بیس کروڑ ملے، خچروں اور گھوڑوں کی منڈیاں لگ گئیں۔
ایکشن کے ڈر سے لوٹے ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔۔۔ پچھلے پانچ لوگوں کو 15 سے بیس کروڑ ملے خچروں اور گھوڑوں کی منڈیاں لگ گئیں، باضمیر ہوتے تو استعفیٰ دیتے اسپیکر کو ان ضمیر فروشوں کو تاعمر نا ابل قدر دینے کی کاروائ کرنی چاہئے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 17, 2022
وفاقی وزیر کا مزید لکھنا تھا کہ باضمیر ہوتے تو استعفیٰ دیتے، اسپیکر کو ان ضمیر فروشوں کو تاعمر نا ابل قدر دینے کی کارروائی کرنی چاہئے۔
سندھ ہاؤس اسلام آباد میں مقیم تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سامنے آگئے
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ لاجز میں انصار الاسلام کی موجودگی پر پولیس اہلکاروں کی طرف سے آپریشن کیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد منتقل ہوئے۔ سندھ ہاوس کے دونوں دروازوں کو مکمل بند کیا گیا، سندھ ہاوس کے حوالے سے انتظامیہ اور پولیس نے سر جوڑ لئے۔
تحریک انصاف کے فیصل آباد سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ کہ کسی نے پيسہ نہيں ديا،ہم نے ووٹ ضمير کے تحت دينا ہے۔ ہمارے ايم اين ايز پر تشدد ہوا اور تھانے لے گئے، پوری قوم کو پتہ ہے پوليس سے لاجز پر حملہ کرايا گيا۔ پی ٹی آئی کے 24 ارکان سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں ہیں تو کیا وہ پاکستان سے باہر ہے۔ حکومت تو بڑے رابطے کر رہی ہے لیکن اب وقت گزر گیا۔
رکن اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے 20کروڑ والی بات پر افسوس ہوا، ميں 3برس سے کرپشن کيخلاف آواز اٹھا رہا ہوں، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کی بات کر رہا ہوں۔
ایم این اے باسط بخاری نے کہا کہ ميں نے وزارت نہيں مانگی، وزراء ہم پر تہمت لگارہے ہیں، میں آزاد الیکشن لڑا اور منتخب ہوا،ان سے وزارت بھی نہیں مانگی۔ اختلافات ماں باپ ميں بھی ہوتےہيں اس کا یہ مطلب نہيں کہ وزراءتہمت لگاديں۔
فیصل آباد سے ایک اور رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر نے کہا کہ آئندہ الیکشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ سے نہیں لڑوں گا۔