اسلام آباد : (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری ریفرنس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اورراجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کی بریت اور نیب ریفرنس ختم کرنے کی درخواستیں منظور کرنے کا حکم سنا دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے نیب ریفرنس کو چیلنج کرنے کی درخواستوں پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کیخلاف ٹرائل چلانے کا اختیار نہیں رکھتی، توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
واضح رہے کہ ریفرنس میں سکندر میکن، توقیر صادق، شوکت درانی، جاوید نذیر بھی ملزمان نامزد تھےاور نیب نے ملزمان پر خلاف قانون توقیر صادق کو چیئرمین اوگرا تعینات کرنے کا ریفرنس دائر کیا تھا۔