اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک عدم اعتماد سے قبل جلسے روکنے کی استدعا کیلئے شہباز شریف، بلاول بھٹو، فضل الرحمان اور اختر مینگل سمیت اپوزیشن رہنما سپریم کورٹ پہنچ گئے۔
اس سے پہلے متحدہ اپوزیشن کی قانونی ٹیم کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ اپوزیشن سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کے خلاف فریق بنے گی۔ اجلاس اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوا۔
دریں اثنا مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان یہ گیم ہار چکے ہیں، آپ کو کوئی بچانے نہیں آئے گا۔ پوری پارٹی آپ کے ہاتھوں سے ریت کی طرح نکل گئی۔ آپ کی گنتی کبھی پوری نہیں تھی۔ نوازشریف نے باہر بیٹھنے کے باوجود آپ کو گھر میں گھس کر مارا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ان کے خلاف بیرونی سازش ہو رہی ہے، کسی ملک کو سازش کی ضرورت نہیں، اپنے لیے آپ خود کافی ہیں، سازش والی بات نہ کریں، لوگ آپ پرہنستےہیں۔ آپ کوپتہ ہی نہیں ملک کو کیسے چلایا جاتا ہے، حکومت سے 10 لوگ پورے نہیں ہو رہے۔ آپ اپنے 10 لوگ پورے کر لیں، 10 لاکھ لوگ جمع کرنےکی ضرورت نہیں۔