آئین کا آرٹیکل 63 اے واضح ہے، حکومت کا ریفرنس قابل سماعت نہیں: احسن بھون

Published On 21 March,2022 12:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 63 اے واضح ہے، حکومت کا ریفرنس قابل سماعت ہی نہیں، پہلی بار سپیکر نے آئین کی پاسداری نہیں کی۔

صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جمہوری سپیکر کو آئین کی پاسداری کرنی چائیے، عملدرآمد نہ کرنے پر آرٹیکل 6  کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔ پارلیمنٹ کی تاریخ میں آج تک ایک اجلاس نہیں بتا سکتے جس میں رول 37 کی کال پرخلاف ورزی کی گئی ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم بطور وکیل کہتے ہیں ملکی نظام جمہوری عمل کے تحت چلایا جائے،وکلاغیر جانبدارہیں، ہم قانون اور آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا ہے جس کی منظوری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دی تھی، ریفرنس میں سعدالت عظمی سے مختلف قانونی سوالات کے جوابات مانگے گئے ہیں۔ حکومت سپریم کورٹ کی رائے جلد چاہتی ہے جس کے لئے ریفرنس کو روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ سنانے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔