چیئرمین سینیٹ سے عراقی وزیر خارجہ کی ملاقات

Published On 23 March,2022 07:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد محمد حسین نے ملاقات کی ہے۔

صادق سنجرانی اور ڈاکٹر فواد حسین کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے عراقی وزیر خارجہ سے گفتگو میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی زائرین کو سہولت کی فراہمی پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر فواد حسین نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور قوم کو یوم پاکستان پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمیں پاکستانیوں کی مختلف شعبوں میں ضرورت ہے، باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عرب دنیا کے اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، عراق اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور عراق بین الاقوامی فورمز پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے مؤقف کے حامی ہیں۔

صادق سنجرانی نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، کثیرالجہتی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عراق کی حکومت اور عوام نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانی دی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افغانستان کے امن کے اثرات پورے خطے پر پڑتے ہیں، ترقی و خوشحالی کے لیے امن انتہائی لازمی ہے۔ پاکستان خطے میں اقتصادی و معاشی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے، او آئی سی رکن ممالک نے تعاون کا مظاہرہ کیا، شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کشمیر کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔
 

Advertisement