اسلام آباد انتظامیہ کی پی ٹی آئی اور جے یو آئی کو جلسوں کی اجازت

Published On 24 March,2022 05:23 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جے یو آئی (ف) کو جلسوں کی اجازت دے دی ہے۔

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پریڈ گراؤنڈ اور جے یو آئی ف کو سیکٹر ایچ نائن میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے این او سی میں کہا کہ جے یو آئی ف کو 38 شرائط کے تحت جلسہ کرنے کی اجازت ہوگی، کوئی روڈ بلاک نہیں کیا جائے گا، کوئی ڈنڈا بردار فورس یا جان لیوا ہتھیار لانے کی اجازت نہیں ہوگی، جے یو آئی (ف) کو کسی قسم کے دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

این او سی میں مزید کہا گیا کہ ریڈ زون کے باہر ایک کلو میٹر کی حدود تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جلسے اور ریلی کی اندرونی سکیورٹی کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، کسی بھی املاک کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار منتظمین ہوں گے۔

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ این او سی میں یہ بھی کہا گیا کہ داخلی راستوں پر وفاقی پولیس اور منتظمین دونوں جامع تلاشی کریں گے، اسٹیج پر جانے والوں کے نام 12 گھنٹے قبل دیئے جائیں گے۔
 

Advertisement