اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ یوٹرن جھوٹ کا دوسرا نام، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں کے قول و فعل میں تضاد ہے، اسلام آباد پہنچ کر نا اہل حکمرانوں کو گھر بھجوا دیں گے۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے رہنما حافظ حمد اللہ نے طارق فضل چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مارچ مہنگائی،غیرجمہوری حکومت کے خلاف ہوگا، چار ماہ پہلے 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کا اعلان ہوچکا تھا، او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے 23 مارچ کو مہنگائی مارچ نہ ہوسکا، کانفرنس ہو چکی ہے، 26 مارچ سے مہنگائی مارچ میں قافلے روانہ ہوں گے۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم معیشت کے بھی دشمن ہو، سی پیک ایک میگا منصوبہ تھا، کشمیر کو نریندر مودی کے ہاتھوں بیچ دیا گیا، عوام کو دھوکہ دے رہا ہے کہ امریکا کے خلاف ہوں، تم نے ٹرمپ کے کہنے پر کشمیر مودی کے حوالے کیا، وزیراعظم نے کہا مقابلہ حق اور باطل کا ہے،عمران خان نے خود کہا لیڈر یوٹرن لیتا ہے، یوٹرن لینے کا مقصد جھوٹ بولنا ہے، وعدہ خلافی، دھوکہ، جھوٹ بولنا، گالی دینا منافق کی نشانی ہے، ریاست مدینہ اور یہ اکٹھے ساتھ نہیں چل سکتے۔
پی ڈی ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ 28 مارچ کو تمام قافلے سری نگر ہائی وے پر جمع ہوں گے،اس دن پی ڈی ایم لیڈر شپ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے قافلے شام 6 بجے ہکلہ انٹرچینج پہنچیں گے، 27 مارچ کو بھی جی نائن سری نگر میں جلسہ ہوگا۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ عمران خان اسپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں، اچھے کھلاڑی کی بنیادی صفت اسپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ ہوتا ہے، مخالفین کو گالیاں دینے کا مقصد آپ میچ ہار چکے ہیں، کھیل کے میدان کی طرح مقابلہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامات کی تیاری مکمل ہوچکی ہے، 28 مارچ جلسے کے حوالے سے انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، 28 مارچ سری نگر ہائی وے پر تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، کس کا جلسہ بڑا ہوگا یہ سب کو پتا چل جائے گا۔