اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دباؤ میں آجاؤں گا یہ مخالفین کی غلط فہمی ہے، عوام 27 مارچ کو بتا دیں گے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، آخر تک مافیا کا مقابلہ کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، عمران خان سے قانونی ٹیم کی بھی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں اور ارکان سے رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت کی بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے کیس کی پیروی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن قبول کر لی تو معاشرہ تباہ ہو جائے گا، معاملہ حق اور باطل کا ہی نہیں آنے والی نسلوں کا بھی ہے، ہم عدم اعتماد کی تحریک میں جیت رہے ہیں، ان کا نمبر پورا نہیں ہو گا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اس موقع پر سوال کیا کہ بہت اہم دن ہے، اتحادی اعلان کیوں نہیں کرتے؟ جس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم پرعزم نظر آئے اور کہا کہ اتحادی میرے ساتھ ہی رہیں گے۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں 27 مارچ کے جلسہ کی حکمت عملی تیار کر لی گئی، پارٹی کی سینئر رہنما اپنے علاقوں سے ریلیوں کی قیادت کریں گے، حماد اظہر لاہور، پرویز خٹک پشاور، شیخ رشید اور عامر کیانی راولپنڈی، فواد چودھری جہلم، مراد سعید سوات، فرخ حبیب فیصل آباد اور علی زیدی سندھ سے ریلی کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی کی سینئر قیادت کو جلسہ کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپ دیے ہیں، پارٹی کارکنان کو جلسہ کا وقت 3 بجے کا دیا جائے گا، پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی جلسہ میں شریک ہوں گے، وزیراعظم نے پارٹی کے تمام تنظیمی عہدیداران کو جلسہ کی بھر پور تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے۔
سارے چور اکٹھے ہو گئے، پوری قوم 27 مارچ کو باہر نکلے اور سچائی کا ساتھ دے
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں کا ٹولہ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، چاہتا ہوں 27 مارچ کو پوری قوم میرے ساتھ نکلے، ہم برائی کے ساتھ نہیں سچائی کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ لوگ قوم کے پیسے سے عوامی نمائندوں کو خریدرہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے27مارچ کےجلسےکےحوالےسےقوم کےنام اہم پیغام میں کہا کہ امربالمروف ونہی عن المنکرقرآن پاک میں اللہ کاحکم ہے، اللہ تعالی مسلمانوں کوحکم دیتاہےکہ اچھائی کےساتھ کھڑےہوناہے، اسلام میں برائی اوربدی کےخلاف کھڑے ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سارے چور اکٹھے ہو گئے، ڈاکوؤں کاٹولا30سال سےملک کولوٹ رہاہےاورپیسےباہربھیج رہاہے۔ کرپٹ ٹولےنےعوامی نمائندوں کےضمیرکی قیمتیں لگائیں، عوام کے پیسے سے عوامی نمائندوں کی خریدوفروخت کی جا رہی ہے، چاہتا ہوں عوام 27 مارچ کو سچائی کا ساتھ دیں۔
دوسری جانب تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وفاقی وزیر شیخ رشید نے اتحادیوں کو مشورہ دیا ہے کہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، اگر اپوزیشن کے پاس ہمارے بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے بندےہیں، انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، وزیراعظم کو چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے۔
پاکستان کی میزبانی میں اوآئی سی کےکامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں اوآئی سی کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کی منصفانہ تحریکوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کےانسانی بحران اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر اتفاق ہوا، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات امت کے اتحاد کا مظہر ہے، وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے پاکستان عالمی سطح پر امت کی آواز کو دنیا تک پہنچائے گا، پاکستان اتحاد، انصاف اور ترقی کیلئے باہمی اشتراک کو فروغ دے گا۔