قومی اسمبلی کا اجلاس آج، وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد 15 نکاتی ایجنڈے میں شامل

Published On 24 March,2022 10:33 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا، وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج  صبح 11 بجے ہوگا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی قرارداد 152 ارکان کی جانب سے پیش کی جائے گی۔

تحریک کے محرکین میں 147 ارکان شامل ہیں، وزیراعظم کے خلاف آرٹیکل 95 اے کے تحت تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی، اپوزیشن کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان کی رائے ہے وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، لہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایم این ایز کے نام ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کی گاڑی میں آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے، ایم این ایز کو شٹل سروس کے ذریعے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا جائے گا۔

ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ اراکین پارلیمنٹ مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کے پابند ہونگے، قومی اسمبلی سیشن میں مہمانوں کے داخلے پابندی ہو گی، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے ملازمین پر بھی پابندی عائدکردی ہے۔

سرکلر کے مطابق ملازمین اپنے دفاتر سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں، بلاجواز پارلیمنٹ ہاؤس میں ادھر ادھر پھرتے پائے گئے ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔
 

Advertisement