اسلام آباد (عامر سعید عباسی) انتخابی مہم میں وزیراعظم اور وزراء کی پابندی کے خلاف وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اسد عمر کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری، وزیر اعظم عمران خان کو الیکشن کمیشن کی کاروائی پر سٹے آرڈر نہ مل سکا۔
وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اسد عمر کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ایکٹ میں آرڈیننس کے تحت ترمیم کر دی گئی ہے اور اب وزیراعظم،وزراء، سپیکر، وزرائے اعلیٰ سمیت عوامی عہدہ رکھنے والوں کو انتخابی مہم میں جانے کی اجازت ہے تاہم الیکشن کمیشن اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے خلاف قانون وزیر اعظم، وزراء کو انتخابی مہم سے روک رہا ہے اور باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کردیے ہیں لہٰذا عدالت الیکشن کمیشن کی کاروائی اور نوٹسز کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دے۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے تحریری حکمنامے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اسد عمر کو الیکشن کمیشن کی کاروائی پر سٹے آرڈر نہ مل سکا تاہم ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس کرتے ہوئے 28 مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے۔
سٹے آرڈر کی درخواست پر عدالت نے قرار دیا کہ نوٹس ملنے کے باوجود الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہونے پر عمران خان اور اسد عمر کو سٹے آرڈر نہیں مل سکتا۔ پیر 28 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کے وزیر اعظم کو جاری نوٹس پر مزید سماعت کرے گی۔