وزیراعلی پنجاب نے قریبی ٹیم کو مشاورت کیلئے لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی

Published On 28 March,2022 02:57 pm

لاہور: (لیاقت انصاری سے) وزیراعلی عثمان بزدار نے قریبی ٹیم کو لاہورپہنچنے کی ہدایت کردی ، لاہور پہنچتے ہی وزیراعلی نے عدم اعتماد تحریک کو ناکام بنانے کے لئے مشاورت طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے وزیرقانون راجہ بشارت اور وزیربلدیات میاں محمود الرشید نے ملاقات کی جس میں وزیراعلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر آئندہ لائحہ عمل کے لئے ابتدائی مشاورت کی گئی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپنے ساتھی ارکان اسمبلی پر اعتماد ہے، عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنائیں گے، وزیراعلی نے راجہ بشارت اور میاں محمود الرشید کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی پنجاب اسلام آباد سے لاہور پہنچتے ہی اہم مشاورت کریں گے، طلب کردہ اجلاس میں ٹھوس حکمت عملی طے کی جائے گی کہ کس طرح عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانا ہے۔

وزیراعلی نے اسلام اباد میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں پنجاب کی صورتحال بارے بھی مشاورت کی گئی۔