اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اکتیس مارچ تک آر یا پار، تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ ہو جائے گا۔ بہتر گھنٹے میں جہاں فیصلے ہونے ہیں ہوجائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اگر عدم اعتمادآج پیش ہو گئی تو پیر کے روز ووٹنگ ہو جائے گی۔ آصف زرداری سیاست میں خرید و فروخت کے ماہر ہیں، ملکی سیاست میں آج بھٹو خاندان نہیں زرداری خاندان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساری زندگی اپنے ٹکٹ پر الیکشن لڑتے رہے مگرعمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، ابھی جلسہ جلسہ لگا ہے، کل سے کھیل شروع ہو گا۔ ن لیگ کے جلسے میری توقع سے زیادہ کمزورہیں، بلاول کی ریلی سےزیادہ ہماری سکیورٹی تھی ، آج یہ مولویوں سےخطاب کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی، شاہ محمود قریشی نے بات کی لیکن مجھے کسی خط کا علم نہیں ہے۔ عسکری قیادت کو پاکستان کی سالمیت کی نشانی سمجھتا ہوں، ملکی اداروں کا ترجمان نہیں سپورٹرہوں، اسٹیبلشمنٹ صرف پاکستان کیساتھ ہے، ملک میں ایمرجنسی اور سندھ میں گورنرراج کا حامی تھا مگر میری تجویز مسترد کر دی گئی۔