لاہور:(لیاقت انصاری سے ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کپتان پھر جیت گیا، کپتان پاکستان کا ہے اور پاکستان کپتان کا، ہمیشہ فتح حق کی ہوتی ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے پریڈ گراؤنڈ جلسے کے بعد سیاسی صورتحال پر گفتگو میں کہا کہ آج کپتان نے پاکستانی سیاست میں نئی تاریخ رقم کی، جلسے میں بھرپور شرکت پر پاکستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان کے غیور عوام نے خودداری سے جینے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاریخ ساز جلسے پر عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، باشعور عوام پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے ایک بار پھر اپنے لیڈر وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد اور والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے، عوام کی بھاری تعداد میں شرکت وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کی بھرپور تائید ہے، عوام نے ثابت کر دکھایا وہ ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کے حامی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نڈر، سچے اور کھرے سیاستدان ہیں، عمران خان نے قوم کو وقار کے ساتھ جینا سکھایا، قائداعظمؒ اور علامہ اقبال کاؒ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حقیقی منزل سے ہمکنار ہوگا۔